ریاض- - - - - -خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بدھ کو شاہی خاندان کے افراد ، علماء ، وزراء اور شہریوں کے وفود نے جدہ کے قصر السلام میں ملاقات کی۔ اس سے قبل شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ میں اپنے نام سے منسوب کئے جانے والے ایک رہائشی منصوبے کی نسبت شاہ فیصل ؒ سے کر دی۔ انہیں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے منصوبے کا ماڈل دکھایاتھا۔ شاہ سلمان نے اسے دیکھ کر کہا کہ اس جیسا منصوبہ خالد کی طرف سے پیش کیا جانا اچھنبے کی بات نہیں ۔ ان کے والد شاہ فیصلؒ حجاز میں نائب الملک رہ چکے ہیں۔ یہ منصوبہ مقدس شہروں میں حرمین شریفین سے ریاست کی دلچسپی کا غماز ہے۔ شاہ سلمان نے واضح کیا کہ اسلامی عقائد سے ذرہ برابرانحراف نہیں کیا جائے گا۔ اسلامی عقائد پر ہمارا ایمان غیر متزلزل ہے اور یہ ہمارے لئے فخر وناز کا باعث ہے۔ شاہ سلمان نے اس عزم کا اظہار امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے وفد کے سامنے اس وقت کیا جب وہ وائس چانسلر شیخ ڈاکٹر سلیمان ابا الخیل کی زیر قیادت خادم حرمین شریفین سے ملاقات کیلئے جدہ کے قصر السلام پہنچا تھا۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کو اس کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔