Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی عازمین حج کی پہلی پرواز 24جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گی، شاہد عالم

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈین قونصل حج شاہد عالم کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی پہلی پرواز 24 جولائی کو گوا سے مدینہ منورہ پہنچے گی ۔ جدہ حج ٹرمنل پر حج آپریشن کا آغاز 8 اگست سے ہو گا ۔ بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔امسال عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 25 ہو گی جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزار 25 حج کمیٹی جبکہ 45 ہزار پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ہندوستانی حج قونصل نے مزید کہا کہ امسال بھی عازمین کے لئے 2 گیٹیگری رکھی گئی ہے جن میں گرین اور العزیزیہ شامل ہیں ۔ گرین کیٹیگری کے تحت آنے والے عازمین کی رہائش حرم مکی شریف سے ایک ہزار میٹرتک رکھی گئی ہے جبکہ ماضی میں یہ مسافت ڈیڑھ ہزار میٹر ہوا کرتی تھی ۔ گرین کیٹیگری کے تحت آنے والے عازمین کی تعداد13500 جبکہ باقی کا قیام العزیزیہ میں ہو گا ۔ حج انتظامات کے بارے میں سوال پر قونصل حج کا کہنا تھا کہ امسال ہماری کوشش رہی کہ تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں جن میں عمارتوں کا حصول اور عازمین کیلئے دیگر سہولیات کی فراہمی شامل تھی ۔ العزیزیہ کے علاقے میں مقیم ہندوستانی عازمین کی حرم شریف آمد و رفت کیلئے جس ٹرانسپورٹ کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اسے اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ جدید ماڈل کی بسیں فراہم کرے ۔شٹل بس سروس 24 گھنٹے میسر ہو گی تاکہ عازمین کی آمدو رفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ۔ مکہ مکرمہ میں عازمین کی سہولت کے لئے 2 اسپتال اور 13 ڈسپنسریاں بنائی گئی ہیں ۔ العزیزیہ کے علاقے میں 2 مین اسپتال قائم کئے گئے ہیں جن میں ایک 40اور دوسرا 30 بستروں پر مشتمل ہے ۔ عازمین کیلئے حاصل کی جانے والی عمارتوں کے کرائے کے سوال پر قونصل حج کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے مرکزی یا گرین کیٹیگری کا علاقہ جس کی حرم شریف سے مسافت زیادہ سے زیادہ ایک ہزار میٹر ہو گی اس کا فی عازم حج کرایہ 4500 ریال ہے جبکہ العزیزیہ میں 2580 ریال کے حساب سے عمارتیں حاصل کی گئی ہیں جن میں ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی شامل ہے ۔ مدینہ منور ہ میں رہائش کے حوالے سے ہماری کوشش ہے کہ 100فیصد عازمین کو مرکزیہ کے علاقے میں ٹہرایا جائے تاہم اگر یہ ممکن نہیں ہو سکا تو جن عازمین کو مرکزیہ سے باہر ٹہرایاجائے گا انہیں رقم لوٹائی جائے گی ۔ عازمین کو کھانے کی فراہمی کے سوال پر شاہدعالم کا کہنا تھا کہ امسال حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کو کیٹرنگ کی سہولت فراہم نہیں کی جائیگی تاہم ایام حج میں مشاعر مقدسہ میں کھانے کی فراہمی کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے کیلئے عازمین کو نئی بسوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

شیئر: