سری دیوی کا پوسٹ مارٹم ، نعش چارٹرڈ طیارے سے ہند پہنچنے کی امید
ممبئی۔۔۔۔فلم ہمت والا، صدمہ، نگینہ، کرما، مسٹر انڈیا، چاندنی، نگاہیں اور لاڈلا جیسی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی 54سالہ سری دیوی اپنے پرستارو ں کوالوداع کہہ گئیں۔گزشتہ سال سری دیوی فلم ’’مام ‘‘میں نظر آئی تھیں ، یہ ان کی 300ویں فلم تھیں۔سری دیوی گزشتہ روز اپنے بھتیجے اداکار مہت مارواہ کی شادی میں شرکت کیلئے اہل خانہ کے ہمراہ دبئی گئی ہوئی تھیں۔شادی کی تقریب کے بعد ان کے شوہر بونی کپور ممبئی واپس آگئے تھے لیکن سری دیوی دبئی میں ہی ٹھہر گئی تھیں۔ گزشتہ شب 11بجے امارات ٹاور میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں دبئی کے راشد اسپتال لے جایا گیاجہاں انہیں مردہ قراردیدیاگیا ۔ان کی موت کی خبرنے بالی ووڈ میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی۔دبئی میں ہندوستانی سفارتخانہ اور مقامی افسران کے ساتھ بات چیت کے بعد سری دیوی کی نعش کو جلد ہندوستان لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔دبئی میں سری دیوی کا پوسٹ مارٹم جاری ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ کتنا وقت لگے گا۔دبئی میں ہندوستانی قونصلیٹ ذرائع کے مطابق فارنسک اور لیب رپورٹ کا ابھی تک انتظار کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد ان کی نعش کو ممبئی لے جانے کے سلسلے میں کارروائی شروع کی جائیگی۔ ممبئی ایئرپورٹ کے ذرائع کے مطابق سری دیوی کی نعش چارٹرڈ طیارے سے دوپہر 2بجے سے 6بجے کے درمیان دبئی سے ممبئی لائی جائیگی جہاں ان کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔