ماں نے بیٹے کو زہر دے کر ہلاک کر دیا
حیدرآباد- - - ایک خاتون نے اپنے تعلقات کا بھانڈا پھوٹ پڑنے کے بعد اپنے ہی جوان بیٹے کو زہر دیکر قتل کر دیا ۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ آندھرا پردیش کے وجیہ نگرم ٹائون میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق وینکٹ پدماوتی نامی خاتون 6سال قبل اپنے شوہر سے علیحدگی کے بعد 17سالہ ہری بھگوان اور بیٹی مادھوی کیساتھ گائتری نگر میں مقیم تھی ۔ اس دوران اس کے گووند رائو نامی شخص سے تعلقات پیدا ہو گئے ۔ انٹرمیڈیٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے بیٹے نے اپنے گھر میں گووند رائو کی بار بارموجودگی پر اعتراض کیا ۔ ماں نے اپنے بیٹے کو اپنے راستہ کا کانٹا سمجھ کر اسے ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا اور کھانے میں زہر دیکر اپنے بیٹے کو قتل کر دیا اور جھوٹ موٹ رونے لگی ۔ پولیس نے مقام واقعہ پہنچ کر تفتیش کی تو خاتون نے اپنے جرم کا اقبال کر لیا ۔