Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ کشمیر ثالثی کے بغیر حل نہیں ہو سکتا،سرتاج عزیز

نئی دہلی دشمنی کا خاتمہ کرے اور خطے میں ا من و استحکام کو فروغ دے،اردونیوز کو انٹرویو
اسلام آباد(اسلم محمود بٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہند کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ دشمنی کا خاتمہ کرے اور خطے میں ا من و استحکام کو فروغ دے۔ اردونیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دونوں جوہری استعداد کے حامل ممالک مستقل دشمنی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ امن و استحکام دونوں ممالک کے عوام کی ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں بھی لاکھوں افراد فٹ پاتھوں پر زندگی گزار رہے ہیں اور خود کو لاحق بیماریو ںکا علاج نہیں کراسکتے۔ انہوں نے یاددہانی کرائی کہ ہند کے وزیراعظم مودی نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے عروج پر پہنچ جانے کے بعد کہا تھا کہ وہ مفلسی ، بے روزگاری اور بیماریو ںکے خلاف جہاد کا آغاز کررہے ہیں جسکا دراصل مطلب یہ تھا کہ وہ جنگی جنون میں مبتلا نہیں مگر انکے بعد کے بیانات نے ظاہر کیا کہ کچھ حلقے انہیں پاکستان کے ساتھ جنگ کی ترغیب دے رہے ہیں جس کے دونوں ممالک متحمل نہیں ہوسکتے۔ ہند کو تو پاکستان کے ساتھ جنگ کی بھاری قیمت چکانا پڑیگی۔ خطے کے عوام بے پناہ مشکلات کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہم و دانش کی حامل حکومتیں اپنے اور پڑوسی ممالک کے عوام کے دکھوں میں اضافہ نہیں کرسکتیں۔ ہندوستانی حکومت کو سوچنا پڑیگا کہ عوام نے انہیں ووٹ اسلئے دیا تھا کہ وہ پڑوسی ملک پاکستان کے سا تھ جنگ کا راستہ اختیار کریں یا انکے سنگین مسائل حل کرنے کی کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہند میں تقریباً 2کروڑ افراد آج بھی کھلے آسمان تلے فٹ پاتھوں اور گزر گاہوں پر سوتے ہیں ان کے پاس سر چھپانے کا ٹھکانا تک نہیں۔ مختلف علاقوں میں دونوں ممالک کے عوام کے پاس پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ ہندوستانی حکومت کو یہ امر دوبارہ سوچنا ہوگا کہ اس قدر مفلسی کے حامل عوام ایک دوسرے کے خلاف جنگ کی راہیں اختیار کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک دعوے کے ساتھ اس امر کا اعلان نہیں کرسکتے کہ وہ اس جنگ میں فتح یاب ہونگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کشمیر سے پاکستان کی سمت بہنے والے دریاو ںکا پانی بند نہیں کرسکتا اور نہ ہی اس اقدام سے دہشگردی میں کوئی کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عالمی برادری کی ثالثی کے بغیر جموں و کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ موجودہ حالات برقرار رکھے گئے تو مزید جانی نقصان ہوسکتا ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی ان دونوں جوہری ہتھیارو ںکے حامل ممالک میں تنازع کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔
 

شیئر: