Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رنبیر کپور کی نئی فلم کا ٹریلر: ’تیار ہو جائیں، اینیمل آ رہا ہے‘

یہ فلم یکم دسمبر کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی (فوٹو: سکرین شاٹ یوٹیوب)
بالی وُڈ کے سپرسٹار اداکار رنبیر کپور کی نئی فلم ’اینیمل‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے اس ٹریلر میں رنبیر کپور کو ایک بالکل مختلف کردار میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اینیمل کے ٹریلر کے مطابق اس فلم کی کہانی ایک ایسے بیٹے (رنبیر کپور) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے والد (انیل کپور) کی محبت میں وحشیانہ روپ دھار کر ایک پرتشدد قاتل بن جاتا ہے۔
اس فلم میں رنبیر کو ہاتھ میں اسلحہ اٹھائے خون خرابہ کرتے اور خوب ایکشن کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اینیمل کے ٹریلر کے آخری حصے میں بالی وُڈ اداکار بوبی دیول کو بھی خون میں لت پت دکھایا جاتا ہے جو کے غالباً فلم میں وِلن کا کردار نبھائیں گے۔
اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ ہیروئن کا کردار رشمیکا مندنا ادا کر رہی ہیں جبکہ کاسٹ میں انیل کپور، ترپتی دِمڑی، شکتی کپور اور پریم چوپڑا بھی شامل ہیں۔
 
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم یکم دسمبر کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ فلم اس سے قبل رواں برس 11 اگست کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی تاہم پوسٹ پروڈکشن ورک اور اُس وقت ریلیز ہونے والی باقی دو فلموں ’غدر 2‘ اور ’او مائی گاڈ 2‘ کے مقابلے میں ریلیز کرنے سے اجتناب کرتے ہوئے اینیمل کی ریلیز یکم دسمبر تک موخر کر دی گئی تھی۔
اینیمل کے ٹریلر کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین بھی تبصرے کر رہے ہیں۔
سِنے وِچار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’تیار ہو جائیں، اینیمل آ رہا ہے۔‘
 
پُلکت اینیمل میں رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’رنبیر کپور نے اس ٹریلر میں اپنی زندگی کی سب سے بہترین پرفارمنس دی ہے۔‘
 
وامسی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’رنبیر کپور نے گن کا استعمال کرتے ہوئے قوت سماعت کھو دی ہے اور پھر سننے کے لیے کانوں میں پلگ لگا رہے ہیں۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل آر کے نے لکھا کہ ’مجھے اب سمجھ آ رہی ہے کہ رنبیر کپور سکرپٹ پڑھنے کے بعد کیوں ڈر رہے تھے کیونکہ اینیمل ٹریلر دیکھنے کے  بعد میرا بھی یہ ردِعمل تھا۔‘
 

 

شیئر: