Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم اینیمل کے وائرل گانے ’جمال کوڈو‘ میں نظر آنے والی تناز داؤدی کے چرچے

تناز داوودی اس سے قبل ورون دھون سمیت کئی انڈین سلیبریٹیز کے ساتھ کام کر چکی ہیں (فوٹو: تناز داوودی انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے سپرسٹار اداکار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ جہاں باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے وہیں اس فلم کے گانے اور ڈائیلاگ بھی بلاک بسٹر ثابت ہو رہے ہیں۔
اینیمل فلم کے گانے جہاں سپرہٹ جا رہے ہیں وہیں فلم کے اندر اداکار بوبی دیول کی انٹری پر فلمایا گیا گانا ’جمال کوڈو‘ بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہے جسے ہزاروں صارفین اپنی رِیلز میں استعمال کر رہے ہیں۔
اس گانے کی ویڈیو میں بوبی دیول کو سر پر گلاس رکھے ہوئے خوب محظوظ ہوتے اور دلچسپ انداز میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
جہاں گانا جمال کوڈو انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہے وہیں اِس میں نظر آنے والی اداکارہ تناز داؤدی نے بھی راتوں رات خوب شہرت حاصل کر لی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایرانی ماڈل اور ڈانسر تناز داؤدی فلم کے اندر ہونے والی شادی میں بطور مہمان شرکت کرتی ہیں جنہیں گروپ کے ساتھ یہ گانا گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تناز داؤدی ایران کے دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئیں، وہ تانی کے نام سے بھی مشہور ہیں۔
تانی انڈیا میں بطور ڈانسر اور ماڈل کام کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بطور بیک گراؤنڈ ڈانسر کیا جس کے بعد وہ ہندی فلموں کے سپرسٹار ورون دھون، جون ابراہام، نورا فتیحی، سنی لیونی اور کرن سنگھ گروور سمیت کئی سلیبریٹیز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔
اینیمل فلم کے گانے میں کام کرنے پر تناز داؤدی نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بوبی دیول کے ساتھ بطور ایرانی کام کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔‘
فلم میں ابرار حق کا کردار ادا کرنے والے بوبی دیول کی شادی پر چلنے والا یہ گانا انڈین دھن نہیں ہے بلکہ یہ ’جمالو جمالو‘ نامی ایرانی لوک گیت کا نیا ورژن ہے۔
خیال رہے ایرانی لوک گیت جمالو جمالو کو 1950 کی دہائی میں خارازیمی گرلز ہائی سکول کے شیرازی کوئر نے گایا تھا جس کے بعد یہ شادیوں پر بجنے والا مقبول گانا بن گیا۔

شیئر: