Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم کمیشن کا 4000 افراد کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام

فلم میکرز پروگرام  کے تحت 100 پروگرام اور 50 آن لائن ورکشاپس ہوں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی فلم کمیشن نے فلمی صنعت کے پروان چڑھنے میں مدد کے لیے پیر کے روز ریاض بلیوارڈ سٹی کے ’مووی‘ سنیما میں منعقدہ تقریب میں اپنے تازہ ترین ترقی اور تربیتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے سب سے بڑے فلم تھیٹر کے کھچا کھچ بھرے پنڈال میں سعودی فلم کمیشن نے دو اعلانات کئے ہیں جس میں چوتھے فلم میکرز پروگرام کی واپسی اور فلم سے متعلق پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام شامل ہے۔
اس موقع پر سعودی فلم کمیشن کے سی ای او عبداللہ آل عیاف نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد سعودی فلموں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے جس کے لیے ہماری پہلی حکمت عملی ٹیلنٹ کو فروغ دینا ہے۔
فلم میکرز پروگرام  کے تحت ریاض، عسیر، نجران، تبوک اور مشرقی ریجن سمیت 13 علاقوں میں 100 پروگرام اور 50 آن لائن ورکشاپس کے ذریعے 4000 افراد کو تربیت دی جائے گی۔
اس پروگرام کے آغاز میں 8 جنوری کو فلم ’وداعاجولیا‘ کے سوڈانی ڈائریکٹر محمد کردوفانی ماسٹر کلاسز منعقد کریں گے۔
سوڈانی فلم ’وداعاجولیا‘ کی تیاری میں سعودی عرب کے عملے کے ارکان شامل تھے اور کانز فلم فیسٹیول میں اس فلم نے انعام جیتا۔
علاوہ ازیں دیگر سیشنز میں پری پروڈکشن، مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کے شعبے شامل ہوں گے۔

فلم میکرز اور ووکیشنل ٹریننگ پروگرام رجسٹریشن کے لیے کھلے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اس کے علاوہ سکرپٹ رائٹنگ، ڈائریکشن، اداکاری، لوکیشن سکاؤٹنگ، ساؤنڈ ڈیزائن، اینیمیشن، سیٹ پر سیفٹی، ویژول ایفیکٹس، فیسٹیول مینجمنٹ اور  فلمی صنعت سے متعلق مختلف شعبوں کی ٹریننگ دی جائے گی۔
رواں سال اس صنعت میں نیا اضافہ آرٹ ریذیڈنسی پروگرام ہے جو فلم سازوں کو پروجیکٹس تیار کرنے کے لیے منفرد مقام فراہم کرتا ہے جس کے تحت مملکت سے متعلق ناول یا کتابوں کو فلم سکرپٹ میں ڈھالنا اور پروڈکشن کا انتظام کرنا شامل ہے۔

گذشتہ سال 15 سعودی فلمسازوں نے عالمی پروڈکشنز میں حصہ لیا۔ فائل فوٹو ایکس

مجموعی طور پر 32  پروگرام اور سیشنز جنوری اور فروری میں ریاض، جدہ، مشرقی ریجن اور القصیم میں شروع کیے جائیں گے جن کی قیادت صنعت میں شامل عالمی رہنما کریں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران  15 سعودی فلم سازوں نے عالمی پروڈکشنز میں حصہ لیا ہے، ان میں ’وداعا جولیا‘، ’ان شاءاللہ ولد‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔

 فلم ’وداعاجولیا‘ میں سعودی عرب کے عملے کے ارکان شامل تھے۔ فائل فوٹو انسٹاگرام

اس موقع پر سیکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ انوسٹمنٹ اٹریکشن کے جنرل مینجر عبدالجلیل الناصر نے بتایا کہ فلم میکرز پروگرام اور قادر فلم ووکیشنل ٹریننگ پروگرام رجسٹریشن کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشاورت کے لیے وقف پروگرام کا اعلان رواں سال کے آخر میں کیا جائے گا۔

شیئر: