Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والدہ کا پہلی بار گراؤنڈ میں آنا میری سینچری کی وجہ بنا، بابر اعظم

بابراعظم نے 63 گیندوں پر111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 13ویں میچ کے دوران پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کی گئی سینچری اپنی والدہ کے نام کر دی ہے۔
میچ کے بعد انٹرویو کے دوران بابر اعظم نے بتایا کہ ان کی والدہ پہلی بار سٹیڈیم میں میچ دیکھنے آئی ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ پہلی بارمیچ دیکھنے آئیں، وہ بہت خوش ہیں۔ اس سے قبل وہ ہمیشہ گھر میں ہی میچ دیکھتی تھیں لیکن آج ان کا گراؤنڈ میں آنا میرے لیے خوش قسمتی کا باعث ثابت ہوا۔ وہ میچ دیکھنے آئیں اور میں نے سینچری بنائی۔‘
دوسری جانب پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سینچری سکور کرنے پر گاڑی کا تحفہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر اعظم کے لیے ایم جی کار کا تحفہ۔ بابر اعظم پاکستان میں بننے والی اس ایم جی ایسینز کار کو ڈرائیو کرنے والے پہلے شخص ہوں گے۔‘
پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے  پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ رنز سے شکست دی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا ہدف دیا۔
پشاور زلمی کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ کپتان بابراعظم نے اوپننگ کی اور 63 گیندوں پر111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے بنائی گئی دوسری سینچری تھی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا سکی۔ اعظم خان کے 75 اور کولن منرو کی 71 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔
19 ویں اوور میں عارف یعقوب کی پانچ وکٹوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو مسلسل تیسری شکست سے دوچار کیا۔

شیئر: