Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایپل‘ نے الیکٹرک کار بنانے کا پروجیکٹ منسوخ کر دیا، ایلون مسک کا دلچسپ ردعمل

الیکٹرک کار کے پروجیکٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز اور نائب صدر کیون لِنچ نے منگل کو کیا (فائل فوٹو: روئٹرز)
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے حیران کن طور پر الیکٹرک کار بنانے کے اپنے مشہور ’پروجیکٹ ٹائٹن‘ کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ویب سائٹ ’دی اکنامک ٹائمز‘ کے مطابق ایپل نے ایک دہائی سے زیادہ جاری رہنے والے اپنے ’پروجیکٹ ٹائٹن‘ کو اربوں ڈالر لگانے کے باوجود ختم کر دیا ہے۔
الیکٹرک کار کے پروجیکٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز اور نائب صدر کیون لِنچ نے منگل کو کیا جو اس پروجیکٹ کے تقریباً دو ہزار ملازمین کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوا۔
پروجیکٹ ٹائٹن ایپل کا ایک بڑا پروجیکٹ تھا جس کے بارے میں یہ کمپنی بہت پرامید تھی۔
اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد روایتی حریف ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں کو ٹکر دینا تھا، تاہم 2014 میں اس پروجیکٹ کو اپنے آغاز ہی سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جیسا کہ اس کے پروجیٹ کے ہیڈ ڈَگ فیلڈ ایپل چھوڑ کر فورڈ موٹر کمپنی چلے گئے۔
اس پروجیکٹ کے منسوخ ہونے کے پیچھے آٹوموٹیو انڈسٹری کے بدلتے رنگوں کا بھی ہاتھ ہے۔
مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور چارجنگ کے مسائل کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں کمی آ رہی ہے جس کے باعث جنرل موٹرز اور فورڈ جیسی بڑی کمپنیوں نے ہائیبرڈ گاڑیاں بنانا شروع کر دی ہیں۔
یہاں تک کہ الیکٹرک گاڑیوں کی سرخیل کمپنی ٹیسلا کی پیداوار میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
ایپل کی جانب سے الیکٹرک کار کے پروجیکٹ کو منسوخ کیے جانے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ٹیسلا کمپنی کے مالک اور دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ایپل کے پروجیکٹ ٹائٹن کے ختم ہونے کی خبر پر اپنی ٹویٹ میں دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے سگریٹ اور سیلوٹ کا ایموجی شیئر کر دیا۔
 

سکرین شاٹ

ٹوئٹر صارف بیز نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’ایپل کی جانب سے 10 برس کی ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے بعد ایپل کار نہ بنانے کا فیصلہ شاید ٹھیک ہی ہے۔‘
 

سکرین شاٹ

    
ٹوئٹر صارف گریگ لکھتے ہیں کہ ’بریکنگ نیوز: ایپل نے اس وجہ سے کار بنانے کا ارادہ ترک کر دیا ہے کیونکہ انہیں اب اندازہ ہوا ہے کہ اس میں ونڈوز کی ضرورت پڑے گی۔‘
 

سکرین شاٹ

پراکاش سنگم اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’مجھے اب یاد نہیں کہ ہم پہلے بھی کتنی مرتبہ ایپل کار کے پروجیکٹ کے شروع ہونے، رکنے اور ختم ہونے کی خبر سن چکے ہیں۔ امید ہے یہ آخری فیصلہ ہوگا۔‘
 

سکرین شاٹ

 

شیئر: