Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنوں کی شادی مارچ میں طے، دُلہا کون ہے؟

اداکارہ کے ہونے والے شوہر میتھیاز بو بیڈمنٹن کے انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی اداکارہ تاپسی پنوں کی شادی رواں برس مارچ میں ہوگی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکارہ تاپسی پنوں اپنے پارٹنر اور بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاز بو کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کو تیار ہیں۔
تاپسی پنوں کی شادی مارچ میں ریاست راجستھان کے شہر اُدے پور میں ہوگی جس میں صرف اہل خانہ اور قریبی رشتے دار ہی شرکت کریں گے۔
اداکارہ کی شادی کی تقریب میں بالی وُڈ انڈسٹری سے کسی بھی فرد کو دعوت نہیں دی گئی۔
تاپسی پنوں کی شادی سکھ اور مسیحی مذہب کی روایات کے مطابق ہوگی۔
اداکارہ کے ہونے والے شوہر میتھیاز بو بیڈمنٹن کے انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں جن کا تعلق ڈنمارک سے ہے۔
43 برس کے میتھیاز بو نے اپنا بیڈمنٹن ڈیبیو 1998 میں کیا تھا۔ وہ سابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ورلڈ نمبر ون رہ چکے ہیں۔
تاپسی پنوں اور میتھیاز بو گذشتہ ایک دہائی سے ایک دوسرے کے قریب ہیں۔
حالیہ دنوں میں اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ میتھیاز کے ساتھ گذشتہ دس برسوں سے دوستی کے رشتے میں ہیں۔
 

تاپسی پنو اور میتھیاز بو گذشتہ ایک دہائی سے ایک دوسرے کے قریب ہیں (فائل فوٹو)

ان دونوں کی ملاقات تاپسی پنو کے کیریئر کی پہلی فلم ”چشمِ بدور‘ کی ریلیز کے دوران ہوئی تھی۔
فلم چشمِ بدور 2013 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی کاسٹ میں تاپسی پنو، علی ظفر، دیویندو، سدھارتھ اور رشی کپور شامل تھے۔
اس سے قبل اداکارہ کی سالگرہ کے موقع پر میتھیاز بو نے اپنی اور تاپسی پنو کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔
میتھیاز کے ساتھ دوستی کے رشتے پر اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’میں نے 13 برس قبل اداکاری کا آغاز کیا اور میری اُسی سال میتھیاز سے ملاقات ہوئی جب میں بالی وُڈ میں ڈیبیو کر رہی تھی۔ میں اس وقت سے ایک ہی شخص کے ساتھ ہوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میری میتھیاز کو چھوڑنے کی کوئی نیت نہیں ہے کیونکہ میں اس رشتے میں بہت خوش ہوں۔‘
خیال رہے کہ میتھیاز بو نے 2015 کے یورپین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ انہوں نے 2012 کے سمر اولمپکس میں سلور میڈل بھی اپنے نام کیا تھا۔ وہ 2012 اور 2017 میں دو مرتبہ یورپین چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔

شیئر: