Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں منگل تک بارش کا امکان ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی کی گزرگاہوں پر قیام نہ کیا جائے(فوٹو، ایکس )
شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے متعدد شہروں میں بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کیا جائے۔ ایسے مقامات پر قیام کرنے سے گریز کریں جو سیلابی پانی کی گزرگاہیں ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع کی جانب سے قومی مرکز برائے موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ سنیچر سے منگل تک مملکت کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا قوی امکان ہے۔
بارش کے دوران لوگوں کو چاہئے کہ وہ مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ان مقامات پر قیام سے گریز کریں جو سیلابی پانی کی گزرگاہیں ہیں علاوہ ازیں ہائی ویزے پرسفر کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
شہری دفاع نے موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ریاض ریجن کے علاقے الدرعیہ ، الدوادمی ، عفیف ، القویعیہ ، الافلاج ، حوطہ بنی تیمیم ، الحریق ، شقراء ، المزاحمیہ ، رماح ، المجمعہ ، ثادق ، الغاط اور الزلفی میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقات پر تیز بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں تیز ہوا کے ساتھ صحرائی علاقے گرد وغبار کی لپیٹ میں بھی رہیں گے ۔
شہری دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے بعض علاقے بھی درمیانے درجے کی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بالائی مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
ہائی ویزے پرسفر کرنے والوں کو بھی شہری دفاع کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفر پر نکلنے سے قبل گاڑی کا معائنہ کرلیا جائے تاکہ دوران سفر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: