Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزانہ 10 ہزار قدم پیدل چلنے سے کون سے جسمانی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں؟

جسمانی سرگرمیوں سے انڈروفینز جیسے کئی ہارمونز ریلیز ہوتے ہیں(فوٹو: فری پِک)
پیدل چلنا ہماری صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے اور پیدل چلنے سے ہماری صحت پر ان گنت مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
صحت کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم پیدل چلنا دنیا بھر میں لوگوں کا ایک نیا مشغلہ بن چکا ہے۔
اسی سلسلے میں انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے روزانہ 10 ہزار قدم پیدل چلنے کے فوائد بتائے ہیں، آئیے جانتے ہیں وہ کیا ہیں۔
وزن قابو میں رہتا ہے
پیدل چلنے سے کیلوریز کم ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ہمارا وزن کم ہوتا ہے یا پھر قابو میں رہتا ہے۔ باقاعدگی سے پیدل چلنے سے جسم کا وزن صحت مند رہتا ہے اور موٹاپے کا خطرہ ٹل جاتا ہے۔
دل کی صحت ٹھیک رہتی ہے
پیدل چلنے سے دل کی صحت ٹھیک رہتی ہے اور جسم میں خون کی گردش بہتر ہوتی ہے۔ پیدل چلنے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے جبکہ بلڈ پریشر اور سٹروک کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
پٹھے مضبوط ہوتے ہیں
پیدل چلنے کی وجہ سے جسم کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔ پٹھوں کے مضبوط ہونے سے چلنے پھرنے میں آسانی پیدا ہوتی ہے اور جسمانی اعضا بیماری سے بچے رہتے ہیں۔
ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں
پیدل چلنے جیسی سرگرمیوں سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ پیدل چلنے سے اوسٹیوپوروسس جیسی ہڈیوں کی بیماریاں ہونے اور ہڈیاں ٹوٹنے (فریکچر) کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
جوڑ مضبوط ہوتے ہیں
روزانہ پیدل چلنے سے ہمارے جسم کے جوڑ مضبوط ہوتے ہیں اور ان کی سختی کم ہوتی ہے۔ پیدل چلنے سے جوڑوں میں لچک پیدا ہوتی ہے اور ایتھرائٹس جیسی بیماریوں کا خدشہ ٹل جاتا ہے۔
 

جسمانی سرگرمیوں سے نیند بہتر ہوتی ہے اور تناؤ کے مقدار میں بھی کمی آتی ہے (فوٹو: فری پِک)

ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے
جسمانی سرگرمیوں سے انڈروفینز جیسے کئی ہارمونز ریلیز ہوتے ہیں جن سے موڈ خوشگوار ہوتا ہے اور ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے۔ باقاعدگی سے واک کرنے سے ذہنی دباؤ، بے چینی، ڈپریشن کم ہوتے ہیں جبکہ مجموعی طور پر بھی ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے۔
نیند بہتر ہوتی ہے
جسمانی سرگرمیوں سے نیند بہتر ہوتی ہے اور تناؤ کے مقدار میں بھی کمی آتی ہے۔ بہترین نیند سے مجموعی طور پر صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے اور نیند کے مسائل سے راحت ملتی ہے۔
بلڈ شوگر قابو میں رہتی ہے
ورزش کرنے سے جسم میں موجود قدرتی انسولین کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جس سے بلڈ شوگر لیول باقاعدہ ہوتے ہیں۔ ذیابیطس کی بیماری کے شکار افراد کے لیے پیدل چلنا نہایت مفید ہے کیونکہ اس سے بلڈ شوگر قابو میں رہتی ہے۔
قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے
باقاعدگی سے ورزش کرنے سے قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے۔ پیدل چلنے سے بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے اور قوت مدافعت مضبوط ہو جاتی ہے۔
سانس مضبوط ہوتا ہے
پیدل چلنے سے پھیپھڑوں میں آکسیجن جمع کرنے کی گنجائش بڑھ جاتی ہے اور سانس لینے کا فنکشن بہتر ہو جاتا ہے۔ سانس لینے کے فنکشن سے پھیپھڑوں کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے اور جسم میں آکسیجن کی گردش اچھی طرح ہوتی ہے۔

شیئر: