Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کا قومی ٹیم کے کوچز کی تعیناتی کے لیے اشتہار

پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کوچز کی تعیناتی کے لیے اشتہار جاری کیا ہے۔ 
پی سی بی کے اشتہار کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ٹیسٹ یعنی ریڈ بال جبکہ ون ڈے اور ٹی20 یعنی وائٹ بال فارمیٹ کے لیے الگ الگ ہیڈ کوچز درکار ہیں۔
پی سی بی نے دونوں کوچز کی تعیناتی کے لیے درخواستیں مانگ لی ہیں۔
درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
گزشتہ برس انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن سمیت ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ورلڈ کپ کے بعد دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا تاہم محمد حفیظ نے فروری میں اس عہدے کو چھوڑ دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے 29 کھلاڑی ایبٹ آباد میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) میں آرمی کی زیرنگرانی جاری فٹنس کیمپ میں شریک ہیں۔
اس فٹنس کیمپ کے بعد پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کا دورہ کرے گی۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 10 مئی سے ڈبلن میں کھیلی جائے گی۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد گرین شرٹس کا اگلا امتحان انگلینڈ کے خلاف چار ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی جس کا آغاز 22 مئی سے ہوگا۔
گرین نے رواں برس جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل 12 ٹی20 میچز کھیلنے ہیں جو ان تین سیریز پر مشتمل ہیں۔

شیئر: