Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں سعودی سٹوڈنٹس کلب کی رمضان مصروفیات

برطانیہ میں سعودی سٹوڈنٹس کلب ماہ صیام میں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے لیے مواصلات، ثقافتی مشغولیت اور کمیونٹی کے جذبے کو بڑھانے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق لندن میں سعودی سٹوڈنٹس کلب قدیم تنظیموں میں سے ایک ہے جس نے رواں سال یونیورسٹی کالج لندن سعودی سوسائٹی کے تعاون سے رمضان المبارک میں افطار کے علاوہ دیگر پروگرام رکھے ہیں۔
سعودی سٹوڈنٹس کلب کے صدر عطیہ الشمری نے بتایا ہے کہ یہ کلب مخصوص اقدامات اور سرگرمیوں کے ذریعے طلبا کی ضروریات پوری کرنے اور تعلیمی یا نفسیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
لیورپول میں سعودی سٹوڈنٹس کلب نے رمضان مبارک کے آغاز سے سائنس ورکشاپس، والی بال اور فٹ بال کے تربیتی سیشنز کے ساتھ ’آپ کی صحت واک میں ہے‘ کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مقدس ماہ میں روزانہ ہانچ ہزار قدم چلنے کی ترغیب دینا ہے۔
سعودی سٹوڈنٹس کلب کے تحت افطار اجتماع کے علاوہ  طلبا کے اہل خانہ کے لیے تقریبات کا اہتمام کیا ہے، جس میں بچوں کے لیے قرآن کلاسز اور فائن آرٹ کے کورسز شامل ہیں۔
لیورپول میں سماجی کمیٹی کے سربراہ سالم العتیبی نے بتایا ہے کہ رمضان کے دوران طلبا و طالبات کے لیے روزے سے متعلق خصوصی پروگرام رکھے گئے ہیں۔

رمضان میں  قرآن خوانی کی محفل اور افطار کی میز تیار ہوتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سالم العتیبی نے کہا کہ وطن عزیز میں اپنے خاندان اور پیاروں کے درمیان روزہ رکھنا بے مثال ہے لیکن اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے ملک سے باہر اور خاندان سے دور ہیں۔
روزہ ہمیں صبر کا درس دیتا ہے اور ہم اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جدوجہد اور کوشش کر رہے ہیں۔
لیورپول یونیورسٹی میں الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علم ریان الموزان کا کہناہے کہ کلب اور برطانیہ میں سعودی عربین کلچرل مشن کی طرف سے ترتیب دئیے گئے پروگراموں نے سعودی سٹوڈنٹس کو اکٹھا کرنے میں مدد کی ہے۔

خوابوں کی تعبیر کے لیے ملک سے باہر اور خاندان سے دور ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

یونیورسٹی آف شیفیلڈ میں مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے حمزہ خلیل  نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران یونیورسٹی کے اندر کا ماحول بہترین ہے۔
حمزہ خلیل نے بتایا  کہ انہوں نے مختلف قومیتوں کے کلاس فیلیوز کو افطار اور سعودی قہوے کے لیے مدعو کیا اور مملکت کے رسم و رواج کے بارے میں بات چیت کی۔
سعودی سٹوڈنٹس کلب کی جانب سے برسٹل میں بھی طلباء اور ان کے اہل خانہ کے لیے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں رمضان المبارک میں افطار کی میزیں تیار کرنا اور قرآن خوانی کا تقریات شامل ہیں۔
سعودی  سٹوڈنٹس کلب کے زیر اہتمام  برمنگھم، مانچسٹر، برائٹن، کوونٹری، ایڈنبرا اور دیگر مقامات پر رمضان کے اختتام تک محفلیں جاری رہیں گی جس کے بعد عید الفطر کی تقریبات کا آغاز کیا جائے گا۔
 

شیئر: