Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں افطار دسترخوان جو تین نسلوں کو اکھٹا کرتا ہے

افطار دسترخوان سب کو جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
جدہ کے علاقے العماریہ کے شہری رمضان افطار دسترخوان کے حوالے سے آج بھی اپنی برسوں کی روایت پر قائم ہیں۔
اگرچہ بیشتر اہل محلہ دوسرے علاقوں میں منتقل ہو چکے ہیں تاہم رمضان المبارک میں ہونے والی اجتماعی افطار میں ضرور شرکت کرتے ہیں۔
اخبار 24 کی افطار دسترخوان کے حوالے سے رپورٹ میں علاقے کے ایک نوجوان اسامہ سعداللہ نے بتایا’ ہم نے اپنے بڑوں سے اس روایت کے بارے میں سنا تھا اور آج ہم اس پراسی طرح عمل کرتے ہیں جس طرح ہمارے بزرگ کیا کرتے تھے‘۔
نوجوان کا مزید کہنا تھا ’اگرچہ روز مرہ کی بڑھتی ہوئی مصروفیات کے باعث بیشتر اہل علاقہ دوسرے مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں اس کے باوجود رمضان کا افطار دسترخوان ہم سب کو جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے‘۔
’اس روایت کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دور دراز مقامات پرمنتقل ہوجانے والے اہل محلہ سال میں کم از کم ایک بار مل لیتے ہیں جس سے ہمارا باہمی تعلق مزید مضبوط ہوجاتا ہے‘۔
العماریہ محلے سے منتقل ہوجانے والے ایک اہل علاقہ عبید کا کہنا تھا ’ رمضان کا افطار دسترخوان ہم سب کو جمع کرنے کا ایک بہانہ ہے۔ اجتماعی افطاری پر اکھٹے ہو کر ہم اپنے عہد رفتہ کو یاد کرلیتے ہیں جوبہت خوش آئند ہے‘۔

شیئر: