Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سیکیورٹی اہلکار جس نے البانوی عمرہ زائرین کے دل جیت لیے

سیکیورٹی اہلکار نے ہمیں افطار پیکٹس فراہم کیے۔ (فوٹو سبق)
سعودی سوشل میڈیا پر البانیہ کے ایک عمرہ زائر کی ویڈیو وائرل ہے۔ جس میں وہ اپنے گروپ کے ہمراہ عمرے کے حوالے سے پیش آنے والا واقعہ بیان کررہا ہے۔ 
البانوی زائر کا کہنا تھا ’سعودی سیکیورٹی اہلکار کو اگر ’ہیرو‘ کہوں تو غلط نہیں ہوگا جس نے ہمارے دل جیت لیے‘۔
سبق ویب  کے مطابق ویڈیو میں البانوی شہری نے بتایا کہ مملکت میں ماہ مبارک کے دوران سخاوت اور انسانیت نوازی کے جفو مناظر دیکھے وہ بیان سے باہر ہیں جس پر دل سے مملکت اور اس کی قیادت کے شکر گزار  ہیں۔
البانوی شہری کا کہنا تھا کہ عمرے کے بعد جدہ واپسی کے دوران ایک چیک پوائنٹ پر ان کی بس کو روکا گیا۔ ہم نے گائیڈ سے بس روکنے کی وجہ پوچھی تو بتایا گیا کہ شاید ٹریفک خلاف ورزی پر بس کو روکا گیا ہے۔
 اسی اثنا میں افطار کا وقت ہوگیا تھا اور ہم سب پریشان تھے کیونکہ پروگرام کے مطابق جدہ پہنچ کر افطار کرنی تھی۔
البانوی زائر کے مطابق ایک سیکیورٹی اہلکار بس میں آیا اور اس نے ڈرائیور کو چھوڑنے کی بات کہی اور جاتے وقت اس نے ہم  سب سے دریافت کیا کہ کیا آپ سب نے افطار کرلیا۔
سیکیورٹی اہلکار کے اس سوال پر سب نے  ’نہیں‘ کہا۔ اس پر سیکیورٹی اہلکار نے افطار پیکٹس، پانی اور دیگر چیزیں فراہم کیں اور پھر ہمیں الوداع کیا تاکہ ہم اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔
البانوی شہری کا کہنا تھا میں آج سعودی عرب میں خود کو خوش قسمت تصور کررہا ہوں کیونکہ سیکیورٹی اہلکار نے جس اچھے رویے کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔
 میں نے سنا تھا کہ رمضان برکتوں کا مہینہ  ہے مگر یہاں جس فیاضی کے ساتھ لوگ رمضان کا اہتمام اور احترام کرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: