Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا

فواد چودھری جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر قید تھے (فائل فوٹو: حبا فواد ایکس اکاؤنٹ)
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کردیا گیا ہے۔
فواد چودھری جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں تھے۔
ان کی اہلیہ حبا فواد چودھری نے جمعے کی رات گئے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کی رہائی کا بیان جاری کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے یکم اپریل کو فواد چودھری کی 22 مقدمات میں تین ہفتوں کی راہداری ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے فواد چودھری کو 21 روز کے اندر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں سابق وفاقی وزیر کی درخواست پر ضمانت منظور کی تھی۔
فواد چوہدری نے عدالت سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے راہداری ضمانت کی استدعا کی تھی۔
سابق وفاقی وزیر کی ضمانت پر ان کے بھائی فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ’فواد چوہدری کی کسی اور جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کا بھی خدشہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’توقع ہے کہ عدالتیں فواد چودھری کو غیرقانونی گرفتاری سے تحفظ فراہم کریں گی۔‘
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو گذشتہ برس چار نومبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

شیئر: