Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب میں، عمرے کے لیے مکہ پہنچ گئے

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں موجود ہیں۔ 
وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ سنیچر کو سعودی عرب پہنچے تھے جہاں ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’وزیراعظم نے سنیچر کی شب مدینہ منورہ مسجد نبوی میں عشاء کی نماز اور نوافل ادا کیے اور روضۂ رسول پر حاضری بھی دی۔‘
’انہوں نے امت مسلمہ اور قوم کی ترقی وخوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔‘
بعدازاں اتوار کو وزیراعظم محمد شہباز شریف عمرے کی ادائیگی کےلیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ مکہ مکرمہ کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔۔
وزیراعظم کی قیادت سعودی عرب کے دورے پر موجود وفد میں پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز اور وفاقی کابینہ کے ارکان اسحاق ڈار، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعیم خان، عطااللہ تارڑ اور احد چیمہ شامل ہیں۔
وزیراعظم آٹھ اپریل تک سعودی عرب میں رہیں گے۔
سعودی عرب 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے جہاں سے پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر آتی ہیں۔
جمعے کو دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے آخری بار اکتوبر 2022 میں بطور وزیراعظم اپنی پہلی مدت کے دوران سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔ اس دورے میں انہوں نے ولی عہد سے ملاقات کی اور سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کی تھی۔ 

شیئر: