Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ: کچلاک کی مسجد میں دھماکہ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک، 12 افراد زخمی

کچلاک پولیس تھانہ کے مطابق افطار کے وقت ہونے والے دھماکے میں چھ پولیس اہلکار سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں بھی پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ایس ایس پی آپریشن جواد طارق کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کے علاقے کلی کتیر کی ایک مسجد کے اندر ہوا ہے۔
’تاہم اب تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس کے ایگل سکواڈ کے اہلکار بھی نشانہ بنے ہیں۔
کچلاک پولیس تھانہ کے مطابق افطار کے وقت ہونے والے دھماکے میں چھ پولیس اہلکار سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بعد ازاں ایک زخمی اہلکار  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کی شناخت کچلاک کے رہائشی محمد انور کاکڑ کے نام سے ہوئی ہے۔
دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
ادھر پاک افغان سرحد سے ملحقہ چمن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار جان سے گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ایف سی اہلکار  افطاری کے لیے بازار سے سامان خریدنے کے بعد واپس ایف سی چوکی جارہے تھے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے  ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
یاد رہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں یہ دوسرا بم دھماکا ہے۔ اتوار کو خضدار کے تجارتی مرکز میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔

شیئر: