Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

عسکریت پسندوں کی جانب سے بڑھتے خطرات کے پیش نظر پورے ملک میں کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان فوج نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختنوخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک آپریشن کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔‘
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سنیچر کو ایک بیان میں بتایا کہ ’پانچ اپریل کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔‘
’آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے بعد آٹھ دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا جو ’سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہوتے رہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
خیال رہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے بڑھتے خطرات کے پیش نظر پورے ملک میں کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ گذشتہ ہفتے عسکریت پسندوں کے حملے میں پانچ چینی شہری اور ان کا پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہو گئے تھے۔ تاہم ابھی تک کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

شیئر: