Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں عیدالفطر کی نماز کے انتظامات مکمل، بارش کا امکان

سورج طلوع ہونے کے 15 منٹ بعد نماز ادا کی جائے گی (فائل فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں عیدالفطر کی نماز طلوع آفتاب کے بعد ادا کی جائے گی۔
 تمام انتظامات اور ضروری خدمات کی فراہمی مکمل کر لیے گئے۔
عاجل ویب کے مطابق وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے ہدایت کی کہ’ نماز عید کے لیے موسمیات کے قومی مرکز کی طرف سے جاری کردہ پیش گوئی پر عمل کیا جائے‘۔
 ان علاقوں میں جہاں بارش کا امکان ہے کھلے مقامات کے بجائے مساجد میں نماز عید کا انعقاد کیا جائے۔
موسمیات کے قومی مرکز نےعیدالفطر کے دن مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزیر برائے اسلامی امور نے مملکت کے تمام ریجنز کی مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ام القری کیلنڈر کے مطابق سورج طلوع ہونے کے 15 منٹ بعد ادا کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
وزارت کے ریجنل دفاتر میں ارسال کیے جانے والے ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ تمام جامع مساجد اور عید گاہوں میں نماز کا اہتمام کرنے کے لیے کہا گیا ہے ماسوائے ان مساجد کے جو عید گاہ کے قریب واقع ہیں اور جہاں لوگ عید کی نماز کے لیے نہیں جاتے۔
سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک میں 11 مارچ کو رمضان کا آغاز ہوا، اگر پیر کو چاند نظر نہیں آیا تو منگل 30 رمضان اور عید الفطر بدھ کو ہوگی۔
عیدالفطر اسلامی کیلنڈر کے 10 ویں مہینے شوال کے پہلے دن منائی جاتی ہے۔ یہ دن خاندانوں کو اکٹھے ہو کر خوشی منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
مملکت کے ہر علاقے میں عیدالفطر منانے کے لیے اپنی مخصوص روایات ہیں، تاہم ان سب میں جو چیز مشترک ہے وہ ہے دعا، خیرات، مہمان نوازی، اچھا کھانا، عمدہ لباس، سجاوٹ اور رشتہ داروں کے ساتھ وقت گزارنا۔

شیئر: