Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کا اسرائیل کی جانب ’درجنوں‘ راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ

اسرائیل کے مطابق لبنانی سرزمین سے تقریباً 40 راکٹ حملوں کی نشاندہی کی ہے۔ فوٹو: روئٹرز
لبنان کے ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ نے اسرائیلی توپ خانوں کی پوزیشنز پر ’درجنوں کیٹوشا راکٹ‘ فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں راکٹ داغے گئے ہیں۔
سات اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے حماس کے حمایتی گروپ حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔
حزب اللہ نے جاری بیان میں کہا کہ جمعے کو جنگجوؤں نے ’دشمن کے توپ خانوں کی پوزیشنز کو درجنوں کیٹوشا راکٹوں سے نشانہ بنایا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دشمن کی جانب سے جنوبی گاؤں اور شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کے جواب میں ایسا کیا گیا ہے۔‘
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’لبنانی سرزمین سے ہونے والے تقریباً چالیس راکٹ حملوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے کچھ کو روک لیا گیا۔‘
اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس حملے سے قبل حزب اللہ کی جانب سے دو ڈرون حملے کیے گئے تھے جنہیں روک لیا گیا تھا۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے سرحد کے قریب واقع متعدد گاؤں پر بمباری کی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پرتشدد واقعات میں اب تک 363 لبنانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے اکثریت حزب اللہ کے جنگجوؤں کی ہے، تاہم 70 کے قریب شہری بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں اس کے دس فوجی اور آٹھ شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیل اور لبنان کی سرحد کے دونوں طرف رہنے والے ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

شیئر: