Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آج پاکستان پہنچیں گے

سعودی وفد کی پاکستان کے صدر، وزیر اعظم، وزیر خارجہ، اور آرمی چیف سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں آج پاکستان پہنچے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے 15 سے 16 اپریل تک پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔
سعودی وفد میں وزیر پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبد المحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف، نائب وزیر برائے سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مزید التویجری، وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے تعمیر و ترقی کے سینیئر عہدیدار شامل ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بنیادی طور پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعوی عرب کے دوران ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت پر فالو اپ کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔
سعودی وفد کی پاکستان کے صدر، وزیر اعظم، وزیر خارجہ، اور اپنے ہم منصب وزرا، آرمی چیف اور ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے ارکان سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے دوطرفہ تعاون اور باہمی طور پر فائدہ مند معاشی شراکت داری کو بڑھاوا دینا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ مملکت 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے اور جنوبی ایشیائی ملک کی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
سعودی عرب اکثر پاکستان کی مدد کے لیے آگے بڑھا ہے اور اسے باقاعدگی سے موخر ادائیگی پر تیل فراہم کرتا ہے جبکہ اس کی معیشت کو مستحکم کرنے اور اس کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے براہ راست مالی مدد کی پیشکش کرتا ہے۔
اتوار کو پاکستان کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں تانبے اور سونے کی کان  ریکوڈک کے منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

شیئر: