Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئے دور کا آغاز‘، سعودی وزیر خارجہ اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد کا دورہ، پاکستان سعودی سٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔
منگل کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔
 سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری،  خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
وزیرِاعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور بے مثال برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورۂ پاکستان خوش آئند ہے۔ یہ دورہ پاکستان سعودی سٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔
’پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔‘

ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کی منتظر ہے۔
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
سعودی وفد نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی موجود تھے۔

شیئر: