Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین ’فرضی حج‘ کمپنیوں سے ہوشیار رہیں، وزارت کا انتباہ

وزارت حج کی جانب سے لائسنس یافتہ کمپنیوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے(فوٹو، ایکس )
وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ فرضی حج کمپنیوں سے ہوشیار رہیں۔ حج پیکیج حاصل کرنے کےلیے وزارت حج کے مصدقہ ذرائع سے رجوع کیا جائے۔
سبق نیوز کے مطابق حج 2024 کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اس حوالے سے وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے حج کرنے والوں کو ہدایات کی ہے کہ وہ وزارت کے پورٹل کے ذریعے حج پیکج حاصل کریں۔ غیرلائسنس یافتہ کمپنیوں یا اداروں سے رابطہ نہ کیا جائے۔
وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ LOCALHAJ.HAJ.GOV.SA  پران تمام اداروں اور کمپنیوں کے لنکس موجود ہیں جو لائسنس یافتہ ہیں۔
وزارت حج کا مزید کہنا ہے کہ یورپ ، امریکہ ، اسٹریلیا، افریقہ اوربعض ایشیائی ممالک سے حج کرنے والوں کے لیے    ’نسک ‘ پورٹل پر خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے براہ راست نسک پورٹل کے ذریعے حج پیکیج حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے حج سیزن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں غیرلائسنس یافتہ حج کمپنیاں یا افراد سرگرم ہوجاتے ہیں۔ فرضی حج کمپنیوں کے ذریعے حج پیکیج حاصل کرنے والوں کو بعدازاں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
داخلی عازمین کو فرضی حج کمپنیوں یا افراد سے محفوظ رکھنے کےلیے وزارت حج کی جانب سے مسلسل آگاہ کیا جاتا ہے اس ضمن میں وزارت حج کی جانب سے لائسنس یافتہ حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی فہرست بھی جاری کی جاتی ہے۔

شیئر: