Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل کی غیرقانونی سٹریمنگ: تمنا بھاٹیہ، سنجے دت اور بادشاہ سائبر سیل طلب

مہاراشٹرا سائبر سیل نے اس حوالے سے سنگر بادشاہ کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی انڈیا کی مشہور سپرسٹار اداکارہ تمنا بھاٹیہ اور بالی وڈ اداکار سنجے دت کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی غیرقانونی سٹریمنگ کے حوالے درج کیس میں طلب کر لیا گیا ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق اداکارہ تمنا بھاٹیہ کو سنہ 2023 میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن میں غیرقانونی سٹریمنگ کے کیس میں مہاراشٹرا سائبر سیل نے طلب کر لیا ہے۔
اس کیس میں تمنا بھاٹیہ کے علاوہ سنجے دت، گلوکار بادشاہ اور اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔
تمنا بھاٹیہ کو مہاراشٹرا سائبر سیل نے فیئرپلے ایپ پر آئی پی ایل کے  میچز کی غیرقانونی سٹریمنگ کی تشہیر کرنے پر 29 اپریل کو طلب کیا ہے۔
مہاراشٹرا سائبر سیل نے اس حوالے سے گلوکار بادشاہ کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں جبکہ سنجے دت اور جیکولین فرنینڈس کے مینیجرز نے بھی اپنے بیانات ریکارڈ کروا دیے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں وایاکوم 18 نے کیس درج کروایا تھا کہ آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق قانونی طور پر اُن کے پاس ہیں لیکن فیئرپلے نامی ایپ پر غیرقانونی طور پر آئی پی ایل میچز کی سٹریمنگ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ فیئرپلے ایپ بیٹنگ یعنی جوا اور شرط بازی لگانے کی ایپ ہے جو کے مہادیو بیٹنگ ایپ کی ذیلی ایپ ہے۔
اس غیرقانونی سٹریمنگ کی وجہ سے وایاکوم کو 100 کروڑ انڈین روپے کو نقصان ہوا۔

اس کیس میں تمنا بھاٹیہ کے علاوہ سنجے دت، گلوکار بادشاہ اور اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ (فوٹو: کوئی موئی)

ایف آئی آر درج ہونے کے بعد فیئرپلے ایپ کی تشہیر کرنے والے کئی سلیبریٹیز جن میں تمنا بھاٹیہ، سنجے دت، بادشاہ اور جیکولین فرنینڈس شامل ہیں، انہیں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
اسی طرح اس ایپ کے ایک ملازم کو بھی گزشتہ برس دسمبر میں حراست میں لیا گیا تھا۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ اس ایپ کی تشہیر کرنے پر شوبز شخصیات کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
اس سے قبل رنبیر کپور اور شردھا کپور کو بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فیئرپلے ایپ کی تشہیر پر طلب کیا تھا۔

شیئر: