Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کا شمالی اسرائیل پر ’بارُود سے لدے ڈرون‘ کے ذریعے حملہ

لبنان میں گذشتہ سات ماہ کے دوران سرحد پار فائرنگ اور حملوں میں 390 افراد ہلاک چکے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اُس نے منگل کو شمالی اسرائیل پر ’بارُود سے لدے ڈرون‘ کے ذریعے حملہ کیا ہے۔‘
اِس سے ایک روز قبل بھی ایران کی حمایت یافتہ تنظیم نے اسرائیل کے دو فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حماس کی جانب سے گذشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل پر غیرمعمولی حملے کے بعد سے باقاعدگی سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران حزب اللہ نے اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے، اور اس کا کہنا ہے کہ ایسا وہ غزہ کے باشندوں اور اپنے اتحادی حماس کی حمایت میں کر رہی ہے، جبکہ اسرائیل کی فوج نے لبنان کے اندر اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بارُود سے لدے اُس کے ڈرونز نے دشمن کے سپاہیوں اور افسران کو ہدف بنایا ہے۔
ایک اور بیان میں عسکریت پسندوں نے کہا ہے کہ اُسی وقت انہوں ںے شمالی اسرائیل میں آئرن ڈُوم (فضائی دفاعی نظام) کو ڈرونز اور گائیڈڈ میزائلوں سے ٹارگٹ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے منگل کو بتایا کہ اُس کے دو سپاہی ایک روز قبل شمالی علاقے میں کیے گئے حملے میں مارے گئے تھے۔
اس سے قبل پیر کو حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقے میٹولا میں اسرائیلی فوجیوں پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ 
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ’ایک یو اے وی (ڈرون) کی شناخت کی گئی جو لبنان سے اُس کے علاقے میں داخل ہو رہا تھا۔‘
اے ایف پی کے مطابق لبنان میں گذشتہ سات ماہ کے دوران سرحد پار فائرنگ اور حملوں میں کم سے کم 390 افراد مارے جا چکے ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اِس کی سرحد کے اندر 13 فوجی اور 9 سویلینز ہلاک ہوئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ اِن میں سے زیادہ تر عسکریت پسند تھے، تاہم 70 سے زائد عام شہری بھی مارے گئے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اِس کی سرحد کے اندر 13 فوجی اور 9 سویلینز ہلاک ہوئے ہیں۔ 
آئے روز فائرنگ کے اِن واقعات کی وجہ سے دونوں اطراف ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے منگل کو غزہ اور مصر کے درمیان اہم سرحدی گزرگاہ رفح کا کنٹرول سنبھال لیا گیا۔
فلسطینی محکمہ صحت نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں اور طیاروں نے رات بھر رفح کے کئی علاقوں اور مکانات پر گولہ باری کی جس سے 20 فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

شیئر: