فائنل کا دباﺅ برداشت نہ کرسکیں، ہندوستانی کپتان میتھالی راج
لندن:ہندوستانی ویمنز ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے کہا ہے نا تجربہ کاری اور دباﺅبرداشت نہ کرسکنا ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سبب تھا ۔فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہندوستانی کپتان نے کہا کہ بیٹنگ لائن نا تجربہ کار ہے کھلاڑیوں کی اکثریت پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیل رہی تھی۔ اتنے بڑے میچ اور تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم کا اپنا ایک دباﺅ ہوتا ہے بدقسمتی سے آخری کھلاڑی اس دباﺅ کا مقابلہ نہ کرسکیں اور ہمت ہار گئیں ۔ صرف 10رنز نہ بنا سکنے کی وجہ سے ورلڈ کپ ٹرافی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔میتھالی راج نے کہا کہ وقت آگیا کہ خواتین کے لئے آئی پی ایل کا انعقاد کیا جائے ۔ جب تک ہماری کرکٹرز کو تواتر سے پر جوش اور دباﺅسے بھر پور میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا وہ نفسیاتی طور پر کمزور رہیں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں بڑا اسکور کر تے رہے لیکن جب دباﺅ پڑا تو صرف 10 رنز بنانا بھی ناممکن ہو گیا۔ میتھالی راج نے کہا جب شیکھا پانڈے رن آﺅٹ ہوئی تو مجھے ہار کا یقین ہو گیا تھا۔ یہ میرا اور جھولن گوسوامی کا آخری ورلڈ کپ تھا ہم اسے جیتنا چاہتے تھے مگر انگلینڈ کی بولنگ اور فیلڈنگ بہترین رہی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ فائنل کھیلنے کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود انگلینڈ کو آسانی سے جیتنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے لئے یہ فتح آسان نہیں تھی لیکن انہیں یہ فوقیت حاصل تھی کہ ان کا تجربہ اور دباوسے نمٹنے کی صلاحیت ہم سے زیادہ تھی جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایاان کی یہ خوبی قابل تحسین ہے اور اسی نے چوتھی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بھی بنوایا۔ انگلینڈکا اسکواڈ مبارکباد کا مستحق ہے کہ انہوں نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ ا ور ورلڈ چیمپیئن بننے میں کامیاب رہیں۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر اس لئے بھی ناز ہے کہ اس نے ہندمیں ایک پلیٹ فارم قائم کر دیا ہے جو نئے ٹیلنٹ اور باصلاحیت ویمنز کرکٹر کی آمد کی راہ ہموار کرے گا۔ ہم نے لڑکیوں کے لئے کرکٹ پروفیشنل بننے کی کئی راہیں کھول دی ہیں اس لئے پوری ٹیم کو خود پر فخر ہونا چاہئے۔