دبئی۔۔۔۔۔قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے قطر کے حمایت یافتہ دہشتگرد اداروں اور شخصیتوں سے متعلق نئی فہرست کے اجراء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت ، مصر ، امارات اور بحرین اپنے فیصلوں کے اعلان کیلئے انتہائی خطرناک وقت کا انتخاب کررہے ہیں۔قطری وزیر نے کہا کہ انکا ملک اہم مسائل پر گفتگو کیلئے تیار ہے البتہ قطر کے داخلی امور سے تعلق رکھنے والے امور پر کوئی گفتگو نہیں ہوگی۔دریں اثناء اماراتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا کہ قطری عہدیداروں کی جانب سے مظلومیت کا راگ حیرت انگیز ہے۔ قطری عہدیدار اپنے تصرفات کی ذمہ داری قبول کرنے سے بھاگ رہے ہیں اوریہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ عرب ممالک نے جو اقدامات کئے ہیں وہ خطے کو مزید کشیدگی کی طرف ڈھکیلنے کیلئے کئے گئے ہیں۔