رانچی۔۔۔۔۔۔نتیش کمار کے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاکر بہار میں نئی حکومت کی تشکیل پر آرجے ڈی کے سربراہ لالوپرساد یادو نے آج سخت رخ اپنایااور الزام عائد کیا کہ تیجسوی تو ایک بہانہ تھا ،نتیش نے پہلے ہی سے سب کچھ طے کررکھا تھا۔ چارہ گھوٹالے کے معاملےمیں پیشی پر رانچی پہنچنے کے بعد ریاستی مہمان خانہ میں پریس کانفرنس میں اپنے سابق اتحادی معاون نتیش کمار پر الزام لگایا کہ تیجسوی ایک بہانہ تھا ان کو(نتیش) بی جے پی سے ہاتھ ملانا تھا۔ یادو نے بڑے تلخ لہجے میں کہا کہ یہ بالکل میچ فکس تھا، جسے وہ خفیہ رکھے ہوئے تھے ۔حکومت چلنے کے سبب بعض باتیں سامنے نہیں رکھ رہے تھے۔ لالو نے سوال کیا کہ 20ماہ میں ان کے بیٹے نے ایسا کون سا جرم کردیا کہ نتیش اس سے چھٹکارا پانا چاہتے تھے۔انہوں نےکہا کہ بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے نتیش میرے گھر آئے اور رابڑی کے سامنے انہوں نے کہا کہ’’ بھائی صاحب !ہم لوگ توبزرگ ہورہے ہیں اب تو ان بچوں کو ہی بہار کا اقتدار سنبھالنا ہے ۔ ان کی یہ باتیں سن کر ان کو شاطر جاننے کے باوجود بھی میں نےبھولے بابا کی طرح حامی بھر دی اور کہا کہ جاؤ حکومت بناؤ لیکن یہ تو بھاری بھس ماسر نکلا‘‘۔