نئی دہلی------- مرکز سمیت اُن تمام ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی حکومتیں قائم ہیں بد عنوانی اور غنڈہ گردی کے واقعات منظر عام پر آنے لگے ہیں ۔ یہ بد عنوانیاں اور غنڈہ گردی کوئی اور نہیں بلکہ حکمراں جماعت کے ارکان کی طرف سے ہی کی جا رہی ہیں ۔ یوپی میں بھی بی جے پی کی حکومت ہے جہاں پارٹی کے رکن اسمبلی انوراگ سنگھ پر اوپی چوہدری اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں غریب بچوں کی فیس کیلئے آئے فنڈ میں غبن کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ریاستی محکمہ ویجلنس نے انوراگ سنگھ کیخلاف آئی پی سی کی دفعہ 409اور 120بی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ یہ کیس محکمہ کے انسپکٹر ڈی ایس راٹھور نے درج کرایا ہے ۔ انوراگ سنگھ مذکورہ اسپتال کے چیئرمین ہیں ۔ انہوں نے کیس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پر جھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے کیونکہ جس معاملے کو لیکر ان کے خلاف مقدمہ ہوا ہے وہ 2009ء کا ہے جب وہ اسپتال کے وائس چیئرمین تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کی ایگزیکٹو پاور چیئرمین کے پاس ہوتی ہے اس لئے وہ اس کے ذمہ دار نہیں ۔ یوپی کے ہی میرٹھ میں بی جے پی کے لیڈر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں ایک خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ بی جے پی کے اس لیڈر کا نام کمل دھت شرما ہے جو بی جے پی کی سٹی شاخ میں جنرل سیکریٹری ہیں ۔ کمل دھت شرما ویڈیو میں خاتون کو دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر اس نے گھر میں گھسنے کی ہمت کی تو اس سنے نمٹ لیا جائیگا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو کو بی جے پی کے بڑے لیڈروں کو بھیج دیا گیا ہے ۔ بد عنوانی کا ایک واقعہ گجرات میں بھی پیش آیا جہاں سورت پولیس اور مرکزی آبکار ی محکمے کے ذریعے شراب کے ایک گودام کو سربمہر کر دیا گیا ہے ۔ یہ گودام بی جے پی کے مقامی ضلع پنچایت صدر سریش پاٹل کی اہلیہ پریتی سریش پاٹل کا ہے ۔ چھاپے کے دوران پایا گیا کہ پریتی نے شراب کی خریدوفروخت کے کھاتے صحیح طرح سے نہیں بنا رکھے اور ان میں 85لاکھ روپے کا غبن دکھایا گیا ہے ۔ یہی نہیں بلکہ سیلز ٹیکس کے بھی لاکھوں روپے غبن کر لئے گئے ہیں ۔ پریتی اس وقت فرار ہے جس کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اس طرح کا ایک واقعہ مدھیہ پردیش میں بھی پیش آیا جہاں ویاپمپ گھوٹالے کے اصل ملزم جو بی جے پی لیڈر کا بیٹا ہے، نے خودکشی کر لی ہے۔