ریاض --------- سعودی محکمہ سیاحت نے سیاحتی ویزے کا قانون جاری کر دیا ۔ 6ماہ بعد نفاذ شروع کر دیا جائے گا۔ اس کے بموجب جو شخص بھی سیاحت کی غرض سے سعودی عرب آمد کا خواہشمند ہو گا اسے مملکت آنے سے قبل سیاحتی ویزا طلب کرنا پڑے گا ۔ سیاحتی ویزوں کے قاعدے ضابطے محکمہ سیاحت و قومی ورثے ، داخلہ اور خارجہ کی وزارتوں نے مل جل کر مقرر کئے ہیں ۔ مقررہ قانون میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ محکمہ سیاحت ویزے جاری کرے گا اور جو شخص بھی سیاحتی پیشوں ، سرگرمیوں اور مراکز کی بابت غلط سرٹیفکیٹ جاری کرے گا اس پر 50ہزار ریال جرمانہ ہو گا ۔ اسی طرح جو شخص بھی محکمہ سیاحت کے اہلکاروں کو سیاحتی مراکز اور مقامات کی نگرانی کیلئے داخل ہونے سے روکے گا اس پر بھی 50ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا ۔ محکمہ سیاحت ایسے تمام مقامات کی نگرانی کرے گا جو سیاحت کیلئے مخصوص ہونگے۔ کسی اور ادارے کے اہلکار کو اس سلسلے میں دخل اندازی کی اجازت نہیں ہو گی ۔تمام سیاحتی مراکز بحکم قانون دخل اندازی سے محفوظ ہونگے ۔ نئے قانون میں محکمہ سیاحت نے تجویز کیا ہے کہ پبلک سیاحتی مقامات کی نشاندہی متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل پیدا کر کے کی جائے ۔ نئے قانون نے یہ پابندی بھی لگا دی ہے کہ سیاحتی ایجنسی کا قیام ، سیاحتی پروگرام منظم کرنا یا سیاحوں کی رہائش کے مراکز بنانا وغیرہ کاموں کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا ۔ کوئی بھی شخص سیاحت سے متعلق کوئی بھی کام اجازت نامے کے بغیر نہیں کر سکتا ۔