Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکھنؤ کے لڑکے کو پاکستانی دلہن کا ویزہ مل گیا

لکھنؤ۔۔۔۔کراچی کی رہنے والی 25سالہ سعدیہ کو آخر کار ہند کا ویزہ مل گیا اور اب لکھنؤ کے شارق ہاشمی سے اس کی شادی میں حائل رکاوٹیں ختم ہوگئیں۔اس نے 2مرتبہ ویزے کی درخواست دی تھی لیکن اسلام آباد میں ہائی کمیشن نے مسترد کردی تھی تاہم ہندوستانی میڈیا نے حکومت کی توجہ اس طرف دلائی جس کا وزیر داخلہ کے دفتر نے نوٹس لیا ۔ تفصیلات بھی منگوائی گئیں اور آخر کار سعدیہ اس کی والدہ ،بھائی اور خود اسے ویزہ دیدیا گیا۔سعدیہ نے کراچی سے ہند کے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ویزہ مل گیا اور میرے پاس شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ تک نہیں۔پچھلے سال جب ہم نے ویزے کیلئے درخواستیں دی تھیں تب سے اب تک مشکل کا شکار تھے۔خاندان کے تینوں افراد سمجھوتہ ایکسپریس سے دہلی جائیںگے او ر پھر لکھنؤ۔4جولائی کو ایک اخبار نے کہا تھاکہ شارق اور سعدیہ کی شادی یکم اگست کو طے ہے لیکن اس میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس کے بعد اخبار نے 5جولائی کو کہا تھا کہ ویزہ درخواست مسترد ہونے پر شادی ملتوی کردی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس معاملے پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے براہ راست بات کی تھی۔جب ویزہ ملنے کی خبر شارق اور سعدیہ کو پہنچی تو ان کی خوشیوں کا ٹھکانہ نہیں رہا۔

شیئر: