لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہند اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ہندوستان میں منعقدہ انڈر19 ایشیا کپ2017ءکو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے اس پر اعتراض کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔انڈر 19 ایشیا کپ کا انعقاد رواں سال نومبر میں بنگلور میں ہوگا۔ہندوستان کو انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی کے تمام حقوق تفویض کردئیے گئے ہیں لیکن پی سی بی رواں ماہ 11 اور 12 اگست کو ایشین کرکٹ کونسل (اےس سی سی) کے دو روزہ اجلاس میں اس حوالے سے قرار داد لانے کو تیار ہے۔پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور بورڈ کے متوقع نئے چیئرمین نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان اے سی سی کا سربراہ ہے اورپی سی بی کے سابق چیئرمین شہریارخان اس وقت اےس سی سی کے صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 12 اگست کو کولمبو میں اس معاملے پر بات کریں گے۔ واضح رہے کہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہتا ہے لیکن ٹیم کو کسی غیرمتوقع صورت حال سے دوچار کرنا نہیں چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے باہر بھی کئی محفوظ اورغیرجانبدار مقامات ہیں جہاں چیمپیئن شپ کھیلی جاسکتی ہے۔پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم اے سی سی کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں ہندوستان میں کھیلنا ممکن نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ ویزا اور دیگر مسائل بدستور موجود ہیں اور ہم ٹورنامنٹ کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے۔دوسری جانب پی سی بی نے بی سی سی آئی کو 2014ءمیں ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کے لئے بھی ایک نوٹس بھیج دیا ہے جس میں 2015ءسے 2023ءکے دوران دوطرفہ سیریز کی میزبانی پر معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے۔یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کے درمیان 13-2012ءمیں کھیلی گئی 3میچوں کی ایک روزہ سیریز کے بعد اب تک کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی تاہم اس دوران دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ مدمقابل ہوچکی ہیں۔