اسلام آباد ...سابق وزیر اعظم نواز شریف بدھ کوجی ٹی روڈ کے راستے لاہور جانے کے لئے پنجاب ہاوس اسلام آباد سے ریلی کی شکل میں روانہ ہو گئے۔ ریلی کے روٹ اور سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ن لیگ نے پاور شو کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ۔ پنجاب ہاوس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور کابینہ کے ارکان نواز شریف کے استقبال کے لئے پنجاب ہاوس پہنچے اور انہیں رخصت کیا ۔ ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ نواز شریف کا کنٹینر ڈی چوک پر موجود ہے یہاں پہلا پڑاو ہے سابق وزیر اعظم استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ ریلی ڈی چوک سے جناح ایونیو اور ایکسپریس ہائی وے سے فیض آباد پہنچے گی۔ مختلف شہروں سے کارکنوں کی اسلام باد اور راولپنڈی آمد سلسلہ رات سے شروع ہو گیا تھا۔ جڑواں سڑکوں اور شاہراہوں پر نواز شریف کی تصاویر والے بینرز اور پوسٹرز لگائے گئے ہیں۔امیر مقام کی قیادت میں ن لیگ خیبر پختونخوا کا قافلہ بھی ریلی میں شرکت کرے گا۔