الٰہ آباد ....ان دنوں مشرقی ہند کے اس علاقے میں اساتذہ کے غیر ضروری غصے اور تشدد کے حوالے سے ویڈیو جاری ہو گئی ہے جس نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے ۔ جاری ہونیوالا ویڈیو الٰہ آباد کے نواحی علاقے فافا ماﺅ میں اتاری گئی ہے جہاں ایک ہیڈ ماسٹر غصے میں آکر بچوں کی بری طرح پٹائی کرتا ہے ۔ اس کے غصے کی انتہا کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ بچوں کو مارتے مارتے جب چھڑی ٹوٹ گئی تو اس نے دوسری چھڑی ڈھونڈنے کی بھی کوشش کی ۔ ہیڈ ماسٹر نے بچوں کی پیٹھ پر چھڑیاں مارنے کے ساتھ ساتھ ان کی انگلیوں کے درمیان چھڑی رکھ کر بھی انگلیوں کو مروڑا جس پر بچے چیخنے لگتے تھے مگر ہیڈ ماسٹر پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا تھا ۔ ہیڈ ماسٹر کے ظلم و تشدد کی ہولناک ویڈیو اسی اسکول کے کسی ہمدرد ٹیچر نے تیار کر کے جاری کر دی ہے جس میں مارکھانے کے بعد بچے روتے دھوتے ، چیختے چلاتے اور نڈھال حالت میں پڑے نظر آتے ہیں ۔ ایک منظر ایسا ہولناک ہے جس میں بچوںکو کہا گیا کہ وہ اپنے ہاتھ فرش پر رکھیں اور پھر ٹیچر نے ان کے ہاتھ اور انگلیوں پر اندھا دھند چھڑی مارنا شروع کر دی ہے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ منظر کسی عام اسکول کا نہیں بلکہ یہ ایک کانوینٹ اسکول کا ہے جس کے بارے میں عام تصور یہی ہوتا ہے کہ یہاں کے اساتذہ بچوں کا خاص خیال رکھتے ہوں گے ۔ یہ عجیب و غریب ویڈیو اجراءکے تھوڑی دیر بعد ہی وائرل ہو گئی ہے اور اب محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں نے اسکول ہیڈ ماسٹر کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔