جہلم... سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ جمعہ کو جہلم سے لاہور کے لئے روانہ ہوگیا۔قافلہ لالہ موسیٰ، گجرات، وز یر آباد، گکھڑ منڈی سے گزرتے ہوئے گوجرانوالہ پہنچ رہا ہے ۔جہلم سے روانگی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ۔سرائے عالمگیر پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نواز شریف کا بھرپور انداز میں استقبال کیا، ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔بکروں کا صدقہ دیا گیا تاہم سابق وزیر اعظم کا قافلہ سرائے عالمگیر میں قیام کے بجائے کھاریاں پہنچا لیکن وہاں بھی رکے بغیر گجرات کی جانب روانہ ہوگیا۔ نوازشریف گجرات میں مختصر قیام کریں گے۔جس کے بعد گوجرانوالہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ آج رات قیام کریں گے۔دوسری جانب لاہور میں نوازشریف کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے ملتان، ساہیوال اوروہاڑی سے پولیس اہلکار لاہور پہنچ گئے پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو بھی لاہور طلب کرلیاگیا ۔