اسٹاکہوم .... سائنسدانوں کا کہناہے کہ جب پرندہ پرواز کرتے ہوئے اپنے پر پھیلاتا ہے تو اسکا مطلب یہ ہوتا ہے کہ یوں وہ اپنی توانائی بچا رہا ہے۔ انکا کہناہے کہ پرواز کیلئے تیاری کرتے ہوئے پرندے کو توانائی کی ضرورت پیش آتی ہے لیکن فضا میں پہنچ کر جب وہ پر پھیلاتا ہے تو اسکا مطلب یہ ہے کہ وہ بیحد سکون سے پرواز کررہا ہے۔ انکا کہناہے کہ ہماری اس تحقیق کے نتیجے میں اب ڈرون کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ سویڈن کی ایک یونیورسٹی نے جو رپورٹ شائع کی ہے اس کے مطابق عقاب ، گدھ اور اسی طرح کے دیگر پرندوں کے بڑے پر انہیں تیز رفتاری سے اڑنے میں مدد دیتے ہیں اور انہی پروں کی مدد سے وہ اونچے ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ سائنسدانوں نے پرندوں کی پرواز کی تیاری اور پھر پرواز کے سارے مرحلے کو جدید ترین کیمروں سے فلمبند کیا اور پھر وہ یہ پتہ چلانے میں کامیاب ہوگئے کہ پر پھیلاتے ہی انکی توانائی کم خرچ ہوئی۔