Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری ٹیسٹ: ہند نے سری لنکا کیخلاف329/6رنز بنا لئے

پالے کیلے، سری لنکا: ہند اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن بھی وہی صورتحال دیکھی گئی جس کا سامنا میزبان ٹیم سیریزکے آغاز سے کر رہی ہے۔ ہند نے میچ کے پہلے ہی دن 6وکٹوں کے نقصان پر329رنز بناتے ہوئے کھیل پر گرفت مضبوط کرلی ۔ اوپنرز شیکھر دھون اور لوکیش راہول نے پہلی وکٹ کی شراکت میں188رنز کا اضافہ کرکے سری لنکن بولرز کا پھر بے بسی سے دوچار کئے رکھا۔ شیکھر دھون نے ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی سنچری مکمل کرتے ہوئے119رنز کی اننگز کھیلی لیکن لوکیش راہول سنچری سے صرف15 رنز کے فاصلے پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ملندا پشپا کمارا نے 40رنز دے کر3وکٹیں حاصل کیں۔ کوہلی نے ٹاس جیت کرپہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ایک دن پہلے ہونے والی بارش کے باوجود وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ثابت ہوئی اور اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔دونوں نے پوری آزادی سے کھیلتے ہوئے ون ڈے کے انداز میں بیٹنگ کی اور سری لنکن بولرز پر پوری طرح حاوی رہے اور 40ویںاوورمیں اسکور کو188رنز تک پہنچا دیا۔اس دوران شیکھر دھون اپنی چھٹی ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے جس کے لئے انہوں نے107گیندیں کھیلیں۔لوکش راہول کو سنچری بنانے کا موقع نہ مل سکا اور85کے انفرادی اسکو رپر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور اس طرح 188رنز کی شاندار شراکت اختتام کو پہنچی۔آﺅٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین شیکھر دھون تھے جو119 رنز بنا کر لوکیش راہول کے بعد ملندا پشپا کمارا کا دوسرا شکار بنے۔ کپتان ویرات کوہلی نے42رنز بنائے۔ چتیشواڑ پجارا اوراجنکیا رہانے زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر پائے اوربالترتیب8اور17رنز ہی اسکور کرسکے۔روی چندرن ایشون نے31رنز کی اننگز کھیلی۔ پہلے دن کے 90اوور پورے ہوئے تووکٹ کیپر وردھمان ساہا اور آل راونڈر پانڈیا وکٹ پر موجود تھے ۔سری لنکن بولرز میں ملندا پشپا کمارا  نے3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ 2وکٹیں لکشن سنداکان نے حاصل کیں۔سری لنکن بولرز ابتدائی2ٹیسٹ میچوں کی طرح ہندوستانی بیٹسمینوں کو بڑا اسکور کرنے سے نہیں روک سکے۔

شیئر: