برمنگھم....پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان چیمپئنز ٹرافی کے 4 جون کو ہونے والے میچ میں ہندوستانی کپتان کو پھر آوٹ کرنے کیلئے پراعتماد ہیں۔ جنید خان ہندکیخلاف کھیلے گئے4میچوں میں 3 مرتبہ ویراٹ کوہلی کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔ کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے تاہم جنید خان پراعتماد ہیں کہ وہ انھیں پھرآوٹ کریں گے۔ جنید خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی گراونڈز او ر مقامی شائقین کے سامنے کوہلی کو آوٹ کیا ۔ اب انگلینڈ میں انہیں آوٹ کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔ ہندوستانی کپتان پر نفسیاتی برتری حاصل ہے جس کابھرپور استعمال کروں گا۔ خیال رہے کہ کوہلی اور جنید خان کو ایک دوسرے کا سامنا کئے 4 سال کا عرصہ بیت چکا ہے تاہم اس کے باوجود فاسٹ بولر پراعتماد ہیں ۔جنید خان نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ میں غلطی پر ہوںلیکن سمجھتا ہوں کہ کوہلی بھی میرے بارے میں ضرور سوچ رہے ہوں گے ممکن ہے کہ بیٹنگ کے دوران میری گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دفاعی پوزیشن میں چلے جائیں اور وکٹ دے بیٹھیں۔ ان کیخلاف چیمپئنز ٹرافی میں اپنا ٹریک ریکارڈ بہتر بنانے کی کوشش کرونگا۔