کولمبو: ہندنے رویندرا جڈیجہ کی تباہ کن بولنگ کے سبب دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-2 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔کھیل کے چوتھے دن فالو آن کا شکار سری لنکا نے 2 وکٹوں پر 209 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم چائے کے وقفے سے قبل 386 رنز پر پویلین لوٹ گئی، گونارتنے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جڈیجہ کا شکار بنے، کوشال مینڈس نے بھی تیسرے روز 110 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تھی، اینجلو میتھیوس 36 اور نروشن ڈکویلا 31 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر پائے۔ ہندکے لیفٹ آرم اسپنر رویندرا جڈیجہ نے اننگز میں 5 اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشون نے اننگز میں 2 جبکہ مجموعی طور پر 7 کھلاڑی آوٹ کئے۔ ہردیک پانڈیا نے 2 جبکہ امیش یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہند نے پہلی اننگز میں وکٹ پر 622 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کردی تھی، چتیشور پجارا133، اجنکیا راہنے 132، جڈیجاہ70 ناٹ آوٹ، وردھمان ساہا 67، لوکیش راہول 57، روی چندرن ایشون 54 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 183 رنز پر آل آوٹ ہونے کے ساتھ فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے مسلسل 8 ویں سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔