لاہور:لندن اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے پاکستانی قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد آصف پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوران ایکشن میں نظر آسکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس اور باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے والے سوئنگ بولر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز نے تیسرے سیزن میں کھلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل ون کی چیمپیئن ٹیم ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکی لیکن ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سے اس ضمن میں بات چیت جاری ہے جبکہ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے بھی مشورہ کیا جا ئے گا کہ محمد آصف کو کھلانے میں کوئی رکاوٹ تو حائل نہیں۔