انگلش پریمیئر لیگ کا سنسنی خیز آغاز،آرسنل نے لیسٹر سٹی کو4-3سے شکست دے دی
لندن :انگلش پریمیئر لیگ کے پہلے میچ سے فٹبال کے نئے سیزن کا آغاز ہو گیا ہے اور آرسنل نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعدلیسٹر سٹی کو3کے مقابلے میں 4گول سے شکست دے کر پہلی فتح سے سیزن کا آغاز کر دیا۔میچ کے آخری مراحل میں آرسنل کی ٹیم3-2 سے خسارے میں جارہی تھی اور یوں محسوس ہو رہا تھا کہ اسے اپ سیٹ شکست سے دوچار ہو نا پڑے گا لیکن ایرون رمسے اور اولیور گیراڈ نے83اور85میں منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے باوجود لیسٹر سٹی کی ٹیم اپنے کمزور دفاع کی وجہ سے کھیل کے آخری لمحات کے دوران شکست سے دوچار ہو گئی۔ یہ دونوں کھلاڑی متبادل کے طور پر میدان میں اتارے گئے اور دونوں نے کوچ کے اس فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔آرسنل کے کھلاڑی ایلکسزاندرے لاکازیٹی نے میچ کے شروع میں گول کرکے برتری حاصل کرلی تھی ۔ محمد النینی نے لاکازیٹی کو شاندار پاس دیا جسے گول میں تبدیل کرنے میں انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ لیسٹر کی طرف سے اس کے جاپانی کھلاڑی شینجی اوکازاکی نے صرف3منٹ بعد میچ برابر کر دیا تھا جس کے بعد 29 ویںمنٹ میں جیمی وارڈی کے گول نے لیسٹر کو برتری دلا دی۔پہلے ہاف کے آخری لمحات میں آرسنل نے ڈینی ولبیک کی مدد سے میچ پھر برابر کردیا۔دوسرا ہاف شروع ہوا تو لیسٹر نے آرسنل پر دباﺅ بڑھایا اور56ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-2کردیا ۔ اس کے بعد لیسٹر نے اپنے دفاع کو مضبوط کرتے ہوئے آرسنل کو مزید کسی کامیابی سے روکے رکھا اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ میچ اس کے ہاتھ میں ہے ۔آخری 10منٹ کا کھیل باقی تھا کہ آرسنل کے متبادل کھلاڑیوں ایرون رمسے اور اولیور گیراڈ نے صرف3منٹوں میں2گول کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا میچ کو آرسنل کے حق میں4-3سے اختتام کو پہنچادیا۔