دبئی ..... دبئی جو اپنی جدت طرازیوں اور عصری تقاضوں کے ساتھ قدم بڑھانے کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل کرچکا ہے ،کچھ عرصے سے زیر آب تعمیرات میں بھی مصروف ہے اور مکانات ، شاپنگ مال اور ولاز سمیت کئی تعمیرات زیر آب ہوچکی ہیں۔ اب پراپرٹی ڈیلرز نے زیر آب ولاز کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق 4ہزا ر مربع فٹ رقبے والے زیر آب ولاز 25لاکھ پونڈ میں فروخت کئے جارہے ہیں۔ان ولاز کی خاصیت یہ ہے کہ اس کے اندر مونگے کے باغات بھی بنائے گئے ہیں جبکہ مکانیت کے اعتبار سے ان میں سے ہر ولا میں 4بیڈ روم ہیں جبکہ مونگے کا باغ 600مربع فٹ پر محیط ہے۔ یہ تمام ولاز دبئی میں بنائے گئے مصنوعی جزیروں میں واقع ہیں۔ولاز میں اس بات کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے کہ انہیں بوقت ضرورت2 منزلہ بھی کیا جاسکتا ہے اور کچھ اضافی چیزیں بھی شامل کی جاسکتی ہیں تاہم یہ سب کچھ خریدار کی مرضی اور مطالبے پر ہے۔واضح ہو کہ اپنی انہی خوبیوں اور تعمیراتی شاہکاروں کے سبب پوری دنیا میںدبئی کی شہرت ہورہی ہے اور تمام عالم سے اہل ثرو ت و شوقین افراد پراپرٹی کی خریداری کیلئے دبئی کا رخ کرنے لگے ہیںجس کی وجہ سے یہاں کی معیشت بھی زیادہ بہتر ہوتی جارہی ہے اور بیرونی سرمایہ بھی بڑے پیمانے پر ملک میں پہنچ رہا ہے۔ واضح ہو کہ اماراتی حکومت جس کا دبئی بہت بڑا حصہ ہے 2020ءمیں دنیا کا مثالی شہر بننے کے ہدف کی جانب گامزن ہے۔