لارنس، لیورمور..... مقامی سائنسدانوں نے تحقیق و تجربے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اینٹی بیکٹریل سوپ کے نام سے جو صابن بازار میں دستیاب ہے یا جو شیمپو وغیرہ فروخت کئے جاتے ہیں وہ حاملہ خواتین کیلئے کسی طور مناسب نہیں کیونکہ ان چیزوں کی تیاری میں ایسے کیمیکلز استعمال ہوتے ہیں جن کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے نہ صرف غیر ضروری طور پر موٹے اور وزنی ہوجاتے ہیں بلکہ انکی قدرتی نشوونما بھی متاثر ہوتی ہے۔ لڑکیاں اس مرحلے میں بطور خاص متاثر ہوتی ہیں اور وہ پیدائش کے بعد لڑکوں سے 11 فیصد زیادہ وزنی ہوجاتی ہیں۔ امریکی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر مائیں ایسے صابن استعمال کریں تو پیدا ہونے والے بچے بالغ ہونے کے بعد اوسطاً 8فیصد زیادہ وزن جمع کرلیتے ہیں۔ یہ تحقیقی رپورٹ مقامی نیشنل لیباریٹری میں تیار ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے صابن کا جتنا زیادہ استعمال ہوگا وہ اتنا ہی بچوں کے اہم اعضاءخراب ہوتے رہیں گے اور انکی قدرتی نشوونما یا تو بالکل رک جائیگی یا بدہئیتی کا ان پر غلبہ ہوگا۔ مجموعی طور پر صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔