امارات: انشورنس کمپنیاں نئے ڈرائیوروں سے اضافی فیس نہیں لے سکتیں
ابوظبی: انشورنس کمپنیاں نئے ڈرائیورو ں سے اضافی انشورنس فیس وصول کرنے کا اختیار نہیں رکھتیں۔ انشورنس کروانے کے بعد معاہدہ منسوخ کرنے پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ یہ بات انشورنس بورڈ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہی ہے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ جن ڈرائیوروں کو لائسنس لئے ہوئے ایک سال یا اس سے کم عرصہ ہوا ہے ان سے اضافی انشورنس فیس وصول کرنا غیر قانونی ہے۔ بورڈ نے گاڑیوں کی انشورنس کی فیس مقرر کردی ہے۔ اس میں کمی بیشی کا اختیار صرف بورڈ کو ہے۔ اعلامیہ میں یہ بھی وضاحت کردی گئی کہ انشورنس کروانے کے بعد صارف کسی بھی وجہ سے معاہدہ ختم کرنا چاہے تو اس پر کوئی فیس لی جائے گی نہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔