لکھنؤ------سوائن فلو اب شہر میں وبائی شکل اختیار کرگیا ہے۔ ریاستی دارالحکومت بری طرح اس کی گرفت میں ہے۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی اور پی جی آئی میں ہونے والی جانچ سے انکشاف ہوا ہے کہ لکھنؤ میں ایک دن میں 82 مریضوں میں سوائن فلو کے جراثیم پائے گئے۔ اچانک سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھ کر یہاں عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ایک دن میں سوائن فلو متاثرین کی اتنی بڑی تعداد سامنے آنے کے بعدلکھنؤ میں ایسے مریضوں کی تعداد 353 تک پہنچ چکی ہے تو دوسری جانب 4 مریضوں کی موت سوائن فلو سے ہو چکی ہے۔ متاثرہ افراد میں ایک ڈاکٹر کا بیٹا اور خود ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔ ریاست بھر میں اب تک جتنے سوائن فلو کے کیس سامنے آئے ہیں، ان میں سے تقریباً 54 فیصد صرف لکھنؤ سے ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کو دیکھیں تواترپردیش میں اب تک سوائن فلو کے 640 مریض ملے ہیں۔ ان میں سے 353 کیس صرف لکھنؤ سے ہیں۔