اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ا مریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کن ہے۔جمعرات کو بریفنگ کے دوران ترجمان نفیس زکریا نے کہاکہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ حریت قیادت پابند سلاسل ہے۔ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد گزشتہ کئی برس سے جاری اور جائز ہے ۔ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ پاکستان اور ہند ہمسائے ہیں۔خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے مسائل کو ختم کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہی واحد حل ہے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ امریکی امداد نہیں بلکہ انسداد دہشت گردی کے اخراجات ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نیپال میں مغوی لیفٹیننٹ کرنل ر حبیب ظاہر کو ہند لے جانے کے شواہد ملے تھے تاہم نئی دہلی کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔