اسلام آباد... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے غلطیوں کا سارا بوجھ وزارت داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ۔ترجمان سابق وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ پرویز رشید میں اخلاقی جرات ہونی چاہیئے کہ قوم سے پہیلیاں بجھوانے کی بجائے سازش کے بارے میں کھل کر وضاحت کریں۔ اگر وہ اتنے ہی معصوم ہیں تو حکومت کو یہ مشورہ دیں کہ نیوز لیکس رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تاکہ سب کچھ واضح ہو جائے۔ترجمان نے کہا کہ جس 6 رکنی کمیٹی نے ان کے خلاف نیوز لیکس میں فیصلہ دیا اس کا صرف ایک رکن وزارت داخلہ کا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ کاش پرویز رشید یہ بھی وضاحت کر دیتے کہ اپنی کارستانیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے وہ وزارت داخلہ سے کس قسم کی مدد کی توقع کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ نیوز لیکس میں جمہوریت کے لئے قربانی دی ۔ وزات داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔